ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / غزہ اور لبنان میں اسرائیلی حملوں میں 140 افراد جاں بحق

غزہ اور لبنان میں اسرائیلی حملوں میں 140 افراد جاں بحق

Sat, 02 Nov 2024 11:56:23  SO Admin   S.O. News Service

غزہ، 2/نومبر (ایس او نیوز /ایجنسی) غیر ملکی میڈیا کے مطابق، اسرائیلی فوج نے شمالی غزہ میں حملے جاری رکھے ہوئے ہیں، اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ہونے والے حملوں میں 95 فلسطینی شہید ہو گئے۔ دوسری جانب لبنان کے دارالحکومت بیروت میں عوام کو دو علاقوں کو فوری طور پر خالی کرنے کا حکم دیتے ہوئے حملوں کی تیاری کی جا رہی ہے، جس کے نتیجے میں 24 گھنٹوں میں 6 میڈیکل ورکرز سمیت 45 لبنانی جاں بحق ہو چکے ہیں۔ اسی دوران، شام میں لبنانی سرحد کے قریب بھی اسرائیلی حملہ ہوا، جس میں 10 شہری ہلاک ہو گئے۔ جمعرات کو حزب اللہ نے شمالی اسرائیل پر راکٹ حملوں میں 4 غیر ملکیوں سمیت 7 افراد کو ہلاک کیا۔ ادھر، امریکی وزیر خارجہ نے بتایا کہ اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان جنگ بندی کی کوششوں میں اچھی پیش رفت ہوئی ہے۔

وسطی غزہ کی پٹی میں نصرت پناہ گزین کیمپ میں دو مکانات پر اسرائیلی فضائی حملے میں کم از کم۱۶؍فلسطینی جاں بحق ہوگئے۔ یہ اطلاع ژنہوا نے فلسطینی ذرائع کے حوالے سے دی۔ ژنہوا سے بات کرتے ہوئے، مقامی ذرائع اور عینی شاہدین نے بتایا کہ شہری دفاع اور طبی ٹیمیں ہلاک اور زخمیوں کو بچانے کے لیے جائے وقوعہ پر پہنچیں اور انہیں قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا۔ کیمپ میں العودة اسپتال نے ایک پریس بیان میں کہا کہ انہیں ۱۶؍ لاشیں ملی ہیں جبکہ۳۰؍ ​​سے ​​زائد افراد زخمی حالت میں ہیں، جن میں ایک ڈاکٹر اور دو صحافی شامل ہیں ۔ واضح رہے اسرائیلی فوج نے اکتوبر۲۰۲۳ء سے لے کر اب تک طبی عملے کے۱۷۸؍ اراکین کو قتل کیا ہے۔ جن میں ڈاکٹر، نرسیں اور ایمبولنس کا عملہ شامل ہے۔ جبکہ طبی عملے کے۲۷۹؍ اراکین کو زخمی کیا ہے۔ غزہ میں قائم صحت کے حکام نے جمعرات کو ایک بیان میں کہا کہ غزہ کی پٹی میں جاری اسرائیلی حملوں سے۴۳؍ہزار۲۰۴؍ افراد شہید ہوچکے ہیں ۔ 

فلسطینی پناہ گزینوں کے لیے اقوام متحدہ کی ریلیف اینڈ ورکس ایجنسی ’انروا‘ کے کمشنر فلپ لازارینی نے کہا ہے کہ جمعرات کو اسرائیلی بلڈوزروں نے مغربی کنارے کے نور شمس کیمپ میں ایجنسی کے دفتر کو بلڈوزروں کی مدد سے نقصان پہنچایا۔ اگرچہ اسرائیل نے اس کی تردید کی ہے مگر دونوں طرف سے ایک دوسر پر الزامات عاید کیےجا رہے ہیں ۔ لازارینی نے ’ایکس‘ پلیٹ فارم پر ایک پوسٹ میں کہا کہ دفتر کو شدید نقصان پہنچا ہے اور یہ اب استعمال کے قابل نہیں رہا۔ العربیہ کے مطابق اسرائیلی فوج نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے عمارت کو پہنچنے والے کسی نقصان کی ذمہ داری سے انکار کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ دعویٰ کہ ’آئی ڈی ایف‘ فوجیوں نے نور شمس میں ’انروا‘ کے دفاتر کو تباہ کر دیا ہےبے بنیاد ہے۔ بیان میں کہا گیا ہےکہ ’’دھماکہ خیز مواد کے دفاتر کے قریب نصب کیا گیا تھا اور پھر فوجیوں کو نقصان پہنچانے کا الزام لگانے کے لیے دھماکہ کیا گیا۔ ‘‘

اسرائیل نے جمعرات کی شب سے لے کر جمعہ کو علی الصباح تک بیروت کے جنوبی مضافاتی علاقے الضاحیہ پر فضائی حملے کیے۔ العربیہ کی نامہ نگار کے مطابق یہ کارروائی۶؍ روز کی خاموشی کے بعد سامنے آئی ہے۔ اسرائیلی فوج نے الضاحیہ کے کئی علاقوں کو نشانہ بنایا، اس سے نصف گھنٹہ پہلے آبادی کو علاقہ خالی کرنے کا انتباہ جاری کیے گئے تھے۔ لبنان کی سرکاری نیشنل نیوز ایجنسی کے مطابق اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں نشانہ بنائے گئے علاقوں میں بڑی تباہی ہوئی جہاں درجنوں عمارتیں زمین بوس ہو گئیں ۔ 

لبنان اور اسرائیل کے بیچ سرحد کے نزدیک راکٹ حملے میں چار تھائی شہری ہلاک اور ایک زخمی ہو گیا۔ تھائی لینڈ کے وزیر خارجہ ماریس سانگیامبونگسا نے یہ بات جمعہ کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر بتائی۔ یہ واقعہ جمعرات کے روز شمالی اسرائیل کے قریب واقع قصبے المطلہ کے نزدیک پیش آیا۔ 

امریکہ کا کہنا ہے کہ لبنان میں جنگ بندی کی جانب ‘اچھی پیش رفت’ ہوئی ہے۔ امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن کا کہنا ہے کہ مذاکرات کاروں نے ایک معاہدے کی طرف ’’اچھی پیش رفت‘‘ی ہے جس سے لبنان پر اسرائیل کے حملے میں جنگ بندی ہوگی۔ بلنکن نے صحافیوں کو بتایا کہ خطے کے میرے حالیہ سفر اور اس وقت جاری کام کی بنیاد پر، ہم نے ان سمجھوتوں پر اچھی پیش رفت کی ہے۔ 


Share: